Treatment of Shar, Nazr, Jinn, Jadoo

نظر، جن، جادو اور کسی بھی شر کا علاج

رسول اللہﷺ نے فرمایا: جو شخص صبح وشام تین تین بار یہ پڑھے گا، اُسے کوئی چیز اس دن نقصان نہیں پہنچائے گی: ۱۔ بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْءٌ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَآءِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ۔ (ترمذی: ۳۳۸۸، ابوداؤد: ۵۰۸۸)، ۲۔ اَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللہِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ۔ (ترمذی: ۳۶۰۴، مسلم:۲۷۰۹)۔

سونے سے پہلے اکیس بار یَا حَفِیْظُ پڑھ کر اپنے ہاتھوں اور جسم پر دم کرلیں اور پھر اپنے دائیں ہاتھ سے اپنے ارد گرد حصار قائم کرلیں۔ کوئی شریر مخلوق اس حصار کے اندر داخل نہ ہو سکے گی۔

جہاں بھی جنات یا کسی آسیب کا بسیرا ہو، وہاں صبح و شام بلند آواز میں سُورَۃ الْبَقَرَۃ کی تلاوت کی آڈیو لگائیں تو کچھ دنوں میں ہی وہاں سے ہر قسم کی شریر مخلوق بھاگ جائے گی۔ آواز اتنی بلند ہو کہ تمام کمروں میں یہ آواز پہنچ رہی ہو۔

قرآن پاک میں نظر، جن، یا جادو کے متعلق سب آیات کو اکٹھا کر کے رقیہ کا نام دیا گیا ہے۔ اگر کسی پر بھی اس قسم کے اثرات ہوں تو رقیہ کی تلاوت رات سونے سے پہلے لگا کر سنتے سنتے سو جائیں۔ مسلسل چالیس روز تک سنیں۔ انشااللہ شفا ہوگی۔ اس مقصد کیلئے مفتی جنید صاحب کا رقیہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔۔۔۔ رقیہ نمبر۔۱ ۔۔۔۔۔۔۔۔ رقیہ نمبر۔۲۔

ایک شخص کو جن ستا رہا تھا، حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے اُس کے کان میں سورۃ المؤمنون، پارہ ۱۸کی یہ آیات پڑھ کر دم کیا : أَفَحَسِبْتُمْ أَنَّمَا خَلَقْنَاكُمْ عَبَثًا وَأَنَّكُمْ إِلَيْنَا لَا تُرْجَعُونَ (۱۱۵) فَتَعَالَى اللَّهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ (۱۱۶)وَمَن يَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَهًا آخَرَ لَا بُرْهَانَ لَهُ بِهِ فَإِنَّمَا حِسَابُهُ عِندَ رَبِّهِ إِنَّهُ لَا يُفْلِحُ الْكَافِرُونَ (۱۱۷) وَقُل رَّبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَأَنتَ خَيْرُ الرَّاحِمِينَ (۱۱۸) ۔

حضرت عبداللہ بن بسرؓ جنات کے علاقہ میں آ گئے۔ تو انہوں نے سورۃ اعراف کی یہ آیت پڑھی: إِنَّ رَبَّكُمُ اللّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِ يُغْشِي اللَّيْلَ النَّهَارَ يَطْلُبُهُ حَثِيثًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ وَالنُّجُومَ مُسَخَّرَاتٍ بِأَمْرِهِ أَلاَ لَهُ الْخَلْقُ وَالأَمْرُ تَبَارَكَ اللّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ (۵۴)

نظر بد سے نجات کا عمل: نظر بد، اونٹ کو ہانڈی اور انسان کو قبر میں پہنچا دیتی ہے۔ سات دفعہ چاروں قل سات دفعہ آیت الکرسی صبح وشام پڑھ کے دم کریں اور دم شدہ پانی پلائیں۔

جادو جنات کیلئے: منزل ایک دفعہ، تین دفعہ یا سات دفعہ روزانہ صبح وشام پڑھ کر دم کریں اور پانی پر دم کرکے پلائیں۔

جادو یا جنات کا حملہ ہو تو الٓمّٓ ۔ الٓمٓصٓ ۔ الٓرٰ ، الٓمّٓرٰ، کٓھٰیٰعٓصٓ، طٰہٰ، طٰسٓمٓ، طٰسٓ، یٰسٓ، صٓ، طٰمٓ، عٓسٓقٓ، قٓ، نٓ مکمل حروف پڑھنے شروع کردیں۔ ساتھ ہی مُعَوَّذَتَیْن پڑھ کر اپنے اوپر دم کرتے رہیں۔ سارا دن درود شریف اور اَسْتَغْفَار پڑھتے رہیں۔ انشأاللہ حملہ ناکام ہو جائے گا۔

دَرد یا جادُو، وغیرہ پر متواتر لگاتار سات دن سو سو مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھنے سے درد یا جادو دور ہوجاتا ہے۔

یہ دعا حضور نبی کریمﷺ نے حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ پر پڑھ کر دم فرماتے تھے: بِسْمِ اللہِ اَرْقِیْکَ مِنْ کُلِّ دَآمٍ یُؤْذِیْکَ مِنْ شَرِّ کُلِّ نَفْسٍ اَوْ عَیْنٍ حَاسِدٍ اللہُ یَشْفِیْکَ بِسْمِ للہِ اَرْقِیْکَ۔ ا س دعا کو صرف تین دفعہ روزانہ پڑھنا شروع کریں، تو جسم سےبہت بوجھ ہٹ جائے گا۔ بیماریوں میں افاقہ ہوگا اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، بہت بے مثال اثرات رکھتی ہے۔ اگر روزانہ اس کی ایک تسبیح پڑھ لی جائے تو کوئی نظربد یا جادو قریب بھی نہیں آسکتا۔

نظربد سے حفاظت: جو چیز اچھے لگے یہ دعا پڑھ لیں تو اس کو نظر نہیں لگے گی: مَا شَاءَاللہُ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہ۔

سحر، جادو، سفلی کا اثر ختم کرنا: یہ آیات باوضو ایک چینی کی پلیٹ بغیر پھول والی پر لکھیں۔ ایک مٹکے میں بارش کے پانی کا لیں۔ جمعہ کے دن سات درختوں سے ایک ایک سبز پتہ لے کر آئیں۔ دونوں مٹکوں کے پانی کو ملا کر ساتوں پتے اس میں ڈال دیں اور پلیٹ میں لکھی آیت کو اس مٹکے والے پانی سے دھو کر مٹکے والا پانی اپنے سر کے اوپر ڈونگے بھر بھر کر ڈالنا شروع کردیں۔ جب سب پانی اپنے جسم پر بہالے تو دوسرے کپڑے پہن کر گھر آجائے۔ وہ آیات یہ ہیں: فَلَمَّا جَاءَ السَّحَرَةُ قَالَ لَهُمْ مُّوسىٰ أَلْقُوْا مَا أَنْتُمْ مُّلْقُوْنَ(۸۰) فَلَمَّا أَلْقَوْا قَالَ مُوسىٰ مَا جِئْتُمْ بِهِ السِّحْرُ إِنَّ اللّهَ سَيُبْطِلُهُ إِنَّ اللّهَ لَا يُصْلِحُ عَمَلَ الْمُفْسِدِيْنَ (۸۱) (یونس۔۸۰،۸۱)

جادو جنات آسیب: گھر، دکان دفتر یا کسی بھی جگہ پر جادو، جنات، آسیب، سایہ وغیرہ ہو تو سب سے پہلے مٹی کے نئے پیالے میں سُوْرَۂ فِیْل مکمل لکھ کر اس جگہ کی حدود کے اندر کسی پاک و صاف جگہ پر زمین کے اندر دفن کردیں۔ پھر ایک وقت اور جگہ مقرر کرکے درج ذیل عمل پڑھ کر پانی پر دم کریں اور پانی اس جگہ اور دیواروں پر چھڑکیں۔ عمل اکیس دن کا ہے: درود شریف ایک سو گیارہ مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کریں۔ سورۂ فیل انچاس مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کریں۔ سورۂ فلق و ناس انہتر مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کریں۔ درود شریف ایک سو گیارہ مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کریں۔ سورہ ٔ فلق و ناس کو ملا کر پڑھنا ہے۔

جادو جنات کیلئے: منزل ایک دفعہ، تین دفعہ یا سات دفعہ روزانہ صبح وشام پڑھ کر دم کریں اور پانی پر دم کرکے بھی پلائیں۔

پانچ مرتبہ آیۃ الکرسی، 4 مرتبہ سورۂ فلق، 5 مرتبہ سورۂ ناس پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور پانی پر دم کرکے پی لیں۔ صبح و شام عمل کریں۔

اپنے دونوں ہاتھوں اورپاؤں کے ناخنوں پر سات مرتبہ سورۂ کوثر پڑھ کر دم کریں، انشاء اللہ کرم ہوگا۔

جادو ایسے بھاگے جیسے گدھے کےسر سے سینگ: یَاقَہَّارُ گیارہ تسبیح صبح و شام کے ساتھ ہر فرض نماز کے بعد ، تین بار اللہ اکبر، استغفار۔ نماز مکمل کرنے کے بعد ناف میں انگلی رکھ کر گیارہ بار یَاقَہَّارُ۔ دس بار درود پاک، گیارہ بار اَللّٰھُمَّ نَوِّرْ قَلْبِیْ بِعِلْمِکَ وَاسْتَعْمِلْ بَدَنِیْ بِطَاعَتِکَ بعد نماز عشاء سورۂ ملک، سورۂ سجدہ۔ صبح وشام کی تسبیحات بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْءٌ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَآءِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ اور بِسْمِ اللہِ عَلٰی دِیْنِیْ وَ نَفْسِیْ وَ وَلَدِیْ وَ اَہْلِیْ وَ مَالِیْ والی دعا۔ یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ گیارہ بار، گھر کے اندر اور باہر آنے جانے کی دعا۔ سفر کی دعائیں، واش روم کی دعائیں۔ ان سب اعمال کی بدولت زندگی میں بہت ہی سکون آئے گا اور جادو ایسے بھاگے گا جیسے گدھےکےسر سے سینگ۔

رشتے کی بندش اور جادو کا توڑ: کسی پر تعویذ و جادو کروا کر رشتے کی بندش یا بیماری مسلط کر دی گئی ہو، سوتے وقت خوف آتا ہو، گھر سے چیزیں گم ہوجاتی ہوں، کپڑے کاٹے ہوئے ملتے ہوں تو سورۂ طٰہٰ کی آیت نمبر 68 ۱ور،69 گیارہ دن تک سو دفعہ روزانہ پڑھ کر اپنے اوپرپھونک ماریں، میاں بیوی دونوں کریں اور اس عمل کے دوران اور کوئی عمل نہ کریں۔ اس کا عمل جادو کیلئے اکسیر ہے۔ اس کے بعد جادو سے مکمل نجات کیلئے قرآن شریف کی آخری دو سورتیں پڑھتےرہیں، ہمیشہ کیلئے کوئی جادو اثر نہیں کرے گا: قُلْنَا لَا تَخَفْ إِنَّكَ أَنتَ الْاَعْلٰى(۶۸) وَأَلْقِ مَا فِيْ يَمِيْنِكَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوْا إِنَّمَا صَنَعُوْا كَيْدُ سٰحِرٍ وَلَا يُفْلِحُ السّٰحِرُ حَيْثُ أَتىٰ(۶۹) (طٰہٰ۔۶۸،۶۹)

سورۂ فلق و ناس کاکمال: لوہے کی کوئی چیز لے کروہ مریض کے اوپر گھماتے رہیں اور سورۂ النّاس اور الفلق گیارہ، گیارہ مرتبہ پڑھ کر دم کردیں۔ہوائی چیزیں، جادو اور جنات وغیرہ ہوں تو عمل کرنے والے کوخود کو دَم کرتے ہوئےجمائیاں آنےلگتی ہیں تو پتہ چل جاتا ہے۔ یہ دَم نظر والے مریضوں کو بھی کریں تو آرام آجاتا ہے۔ یہ دَم سردرد، جسم میں کسی بھی درد کیلئے کیا جا سکتا ہے۔

دن میں کسی بھی وقت لَاحَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ اِلاَّ بِاللّهِ الْعَلِىِّ الْعَظِيْم۔ اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم۔ گیارہ بار پڑھیں۔ اول و آخر درود شریف گیارہ مرتبہ کے ساتھ اپنے اوپر دم کریں، پانی پر بھی دم کرکے پئیں۔ یہ عمل دن میں کئی بار بھی کرسکتے ہیں۔

جادو سے حفاظت کے لئے یَا اللہُ، یَا حَافِظُ، یَا حَفِیْظُ، یَا سَلَامُ۔ صبح شام 100 مرتبہ اپنے اوپر دم کریں، پانی پر بھی دم کریں۔

اسماء الحسنیٰ کا دوسرا عمل: یَا رَقِیْبُ، یَا مُہَیْمِنُ، یَا عَزِیْزُ اپنے اوپر دم کریں، پانی پر دم کریں جادو کے مریض کو خیال رکھنا چاہیے۔ جب گھر سے باہر جائے تو اپنا حصار ضرور کرے۔ حصار کا طریقہ: یااللہ میری اور میرے سب گھروالوں کی حفاظت فرما۔ میرے دائیں سے، میرے بائیں سے، میرے آگے سے، میرے پیچھے سے، میرے اوپر سے، میرے نیچے سے اور پھر یہ اسماء اکٹھا سو مرتبہ پڑھیں اور اپنے اوپر دم کردیں: یَا اللہُ، یَا حَافِظُ، یَا حَفِیْظُ، یَا رَقِیْبُ، یَا مُہَیْمِنُ، یَا عَزِیْزُ، یَا سَلَامُ۔ یہ راستےمیں بھی پڑھ سکتے ہیں۔

یہ وظیفہ جادو یا نظر سے پیدا ہونے والی ہر طرح کی مشکلات کیلئے ہےجس سے رزق میں برکت ہوجاتی ہے اور کاروبار بھی خوب ترقی کرتا ہے۔ اس وظیفہ کی برکت سے انسان حادثات سے بھی بچ جاتا ہے۔ یہ وظیفہ تمام بیماریوں کا علاج بھی ہے۔ اس کو ہروقت ہر پل وضو بے وضو پڑھنا ہے۔ یَااللہُ، یَارَحْمٰنُ، یَارَحِیْمُ، یَا کَرِیْمُ، یَاغَفَّارُ۔

جادو، جنات اور تمام جسمانی امراض کیلئے: تین مرتبہ درود شریف، ایک مرتبہ الحمد شریف، ایک مرتبہ آیت الکرسی، ایک مرتبہ سورہ حشر کی آخری تین آیات اور ایک ایک مرتبہ چاروں قل شریف اور آخر میں پھر تین مرتبہ درود شریف پڑھ کر دم کردیں، یا دھاگے پر طاق گرہ لگا کر دم کرکے گلے میں باندھ دیں۔

جادو، جنات اور تمام جسمانی امراض کے دفیعہ لئے: الحمد شریف سات مرتبہ، آیت الکرسی تین مرتبہ، سورہ یٰسین شریف ایک مرتبہ، سورہ ٔنوح ایک مرتبہ، سورۂ جن گیارہ مرتبہ، سورہ ٔلہب ایک مرتبہ، آخری تینوں قل تین تین مرتبہ، اول و آخر تین تین مرتبہ درود شریف پڑھ کر پانی پر دم کرکے مریض کو پلائیں اور دعا کریں کم از کم پانچ ماہ یہ عمل کریں اس سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہے۔

سخت ترین سفلی جادو: باوضو ہو کر لیٹ کر چاروں قل پڑھیں، اپنے دائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر پھونک ماریں اور پھر اپنی ہتھیلی کو زور سے چار بار سونگھیں گےتو ہتھیلی سے خوشبو آنا شروع ہوجائےگی۔ پھر چارپائی پر ہی لیٹے لیٹے اپنے دائیں طرف چکر کھائیں۔ اور اسی دن صحت یاب ہوں گے، اور جادو کروانے والے پر پلٹ جائے گا۔

پرانے آسیب سے نجات کیلئےصبح و شام گیارہ گیارہ سو مرتبہ یَاقَہَّارُ پڑھنا شروع کردیں۔ شروع شروع میں یہ چیزیں تنگ کریں گی تاکہ آپ نہ پڑھیں، لیکن اس کے بعد وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائیں گی۔

لوہے کی چیز لے کروہ مریض کے اوپر گھماتے ہوئے سورۂ الناس اور الفلق گیارہ، گیارہ مرتبہ پڑھ کر دم کردیں۔ہوائی چیزیں، جادو، جنات وغیرہ ہوں تو عمل کرنے والے کو دم کرتے وقت جمائیاں آنےلگتی ہیں۔ یہ دم نظر والے مریضوں کو بھی کریں تو آرام آجاتا ہے۔ سردرد یا کسی بھی جسمانی درد کیلئے کیا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *